نئی دہلی،8؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)گجرات کے دلت لیڈراور گجرات کے وڈگام سیٹ سے منتخب شدہ ایم ایل اے جگنیش میوانی کوممبئی کے بعداب دہلی میں بھی پروگرام کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔جگنیش میوانی کے ’’یوواہنکار ریلی اورجن سبھا‘‘کو دہلی پولیس کی منظوری نہیں ملی۔میوانی اور اس کے دیگر ساتھی9جنوری کو دوپہر12بجے پارلیمنٹ ا سٹریٹ پرایک ریلی کرنے والے تھے۔اس پروگرام میں دلت اور اقلیتوں پر حملے، تعلیم، روزگار اور سماجی انصاف کے مسئلے کو اٹھانا تھا۔1جنوری کوہی میوانی نے اس ریلی اور عوامی اجلاس کولے کر ٹوئٹ کیا تھا۔دہلی پولیس نے دفعہ 144کو حوالہ دیا ہے اور 26جنوری کے پیش نظرہنکارریلی اور عوامی اجلاس کرنے کی اجازت رد کر دی گئی ہے۔منظوری نہ دئے جانے پربھی اگر ریلی کی جاتی ہے تو قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔